سندھ حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے گریڈ 18 کے پانچ افسران کے بلوچستان تبادلے پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔
صوبائی حکومت نے اس معاملے پر وفاق کو باضابطہ مراسلہ ارسال کرتے ہوئے پانچوں افسران کی خدمات بلوچستان کے حوالے کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان تبادلوں سے قبل وزیراعلیٰ سندھ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جو کہ طے شدہ قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے۔
مراسلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ان پانچ افسران کی روانگی سے سندھ پولیس میں ایس ایس پی کی خالی آسامیوں کی تعداد 41 سے بڑھ کر 46 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ ان افسران کو عہدوں سے فارغ (ریلیو) نہیں کرے گی، اور ساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ صوبے میں پولیس افسران کی تعیناتی یا تبادلے وزیراعلیٰ کی پیشگی مشاورت سے ہی عمل میں لائے جائیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا، ایس ایس پی سکھر احمد فیصل چوہدری، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومرو میمن کے تبادلے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کی تھیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔