صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آئندہ مہینوں کے دوران بارشوں میں کمی کے امکان کے پیشِ نظر جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع میں خشک سالی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو فوری پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے کمشنر بہاولپور، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان سمیت 9 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ جن اضلاع کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے ان میں بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ، راجن پور، کوٹ ادو اور بھکر شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، ماحولیات، صحت، لائیو سٹاک، جنگلات، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور ریسکیو 1122 کو بھی چوکس رہنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے جائزے کے مطابق دسمبر 2026 سے فروری 2027 کے دوران جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں، جس کے نتیجے میں خطے میں خشک موسم طویل ہو سکتا ہے۔

اتھارٹی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گزشتہ مون سون سیزن میں کم بارشوں کی وجہ سے زرعی زمینوں میں نمی کی سطح گر سکتی ہے، جبکہ دستیاب آبی ذخائر پر بھی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد خضر افضال کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر خشک سالی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامی مشینری اور وسائل کو متحرک کر دیا گیا ہے۔