جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے انکشاف کیا ہے کہ 2018 میں آسٹریلیا کے دورۂ جنوبی افریقا کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کا سلسلہ سیریز کے پہلے ہی میچ، یعنی ڈربن ٹیسٹ سے شروع ہو چکا تھا۔

اپنے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ڈربن کی وکٹ پر گیند اتنی جلدی ریورس سوئنگ نہیں ہوتی، لیکن آسٹریلوی اسکواڈ نے گیند کی حالت بگاڑی یا کوئی غیر قانونی حربہ استعمال کیا اور پوری ٹیم اس معاملے سے باخبر تھی۔ ان کے بقول آسٹریلوی بولرز کو بھی بخوبی علم تھا کہ گیند قدرتی طور پر اس تیزی سے ریورس سوئنگ نہیں ہو سکتی۔

سابق پروٹیز بیٹر کا کہنا تھا کہ کنگزمیڈ کے میدان میں گیند کا غیر معمولی طور پر جلد ریورس سوئنگ ہونا سب کے لیے حیران کن تھا۔

ڈی ویلیئرز نے اس واقعے پر کرکٹ آسٹریلیا کے اس وقت کے طرزِ عمل کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے مشکل وقت میں اپنے کھلاڑیوں کا ساتھ چھوڑ دیا اور انہیں دی جانے والی سزائیں قطعی طور پر غیر مناسب تھیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ کرکٹرز گیند کو ریورس سوئنگ کے قابل بنانے کے لیے قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے مختلف حربے ضرور آزماتے ہیں، تاہم کسی ممنوعہ چیز کی مدد سے کھلم کھلا دھوکا دہی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

دوسری جانب آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ نے گزشتہ ہفتے اپنے ایک مضمون میں اس تاثر کی نفی کرتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ ڈربن ٹیسٹ میں سینڈ پیپر کا استعمال نہیں ہوا تھا، بلکہ گیند کو چمکانے کے روایتی طریقے اپنائے گئے تھے جن میں تھوک لگانا بھی شامل تھا، البتہ پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے حالات مختلف تھے۔