وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبے سے دہشتگردی کے خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران بہادر سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں وفاقی حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے صوبے کی ترقی اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سمیت سماجی ترقی کے مختلف اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کی سہولیات کو فروغ دیا جائے اور انہیں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔