پنجاب بھر میں فضائی آلودگی کی شدت ایک مرتبہ پھر بڑھنے لگی ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 318 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ برکی روڈ میں اے کیو آئی 540، گلبرگ ٹو میں 520 جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 320 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث سموگ کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ شہر میں درجہ حرارت کم سے کم 11 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب صوبے کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 810 کی خطرناک سطح تک پہنچ گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں اے کیو آئی 416، سرگودھا میں 343 جبکہ ملتان میں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 329 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین کے مطابق غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی یقینی بنایا جائے تاکہ آلودہ فضا کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔