بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع اُدے پور میں ایک افسوسناک واقعے میں 51 سالہ شخص اپنی بیٹی کی شادی کی تقریب میں رقص کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ تاہم، خاندان کے افراد نے صبر و ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ اندوہناک خبر دلہن اور اس کی والدہ سے چھپائے رکھی، پہلے رخصتی کی رسومات ادا کیں اور بعد ازاں میت کی آخری رسومات انجام دیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، متوفی شنکر لال میگھوال 20 نومبر کی رات اپنی بیٹی پریانکا کی شادی سے قبل منعقدہ تقریب میں خوشی سے رقص کر رہے تھے کہ اچانک ان کے سینے میں شدید تکلیف اٹھی اور وہ گر پڑے۔ انہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا، مگر ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔

رشتہ داروں نے تقریب کا ماحول برقرار رکھنے اور بیٹی کی شادی میں رکاوٹ سے بچنے کے لیے فوری طور پر موت کی خبر عام نہ کی، بلکہ اہلِ خانہ کو یہی بتایا کہ شنکر لال انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔

صورتحال سے آگاہ ہونے کے بعد دلہا اپنے قریبی 15 سے 20 عزیزوں کے ساتھ دلہن کے گھر پہنچا اور 21 نومبر کی شب تقریباً 3 بجے سادگی سے نکاح اور شادی کی دیگر رسومات مکمل کر لی گئیں۔ بیٹی کو رخصت کرنے کے بعد اسی روز شنکر لال میگھوال کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔