راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ’فتنۃ الہندوستان‘ سے وابستہ 12 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 20 نومبر سے صوبے بھر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا گیا، جس کے تحت نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں شرپسندوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ 20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے پر کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 8 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔
اس کے علاوہ 21 نومبر کو سبی میں مشکوک نقل و حرکت کو روکنے کے دوران ہونے والی جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں کی گئی کارروائیوں کے دوران مزید 2 شرپسند مارے گئے اور ان کے کئی ٹھکانے مسمار کر دیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں اور بیرونی ایما پر ملک کا امن خراب کرنے والے عناصر کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔