ماسکو: پاکستان اور روس نے سنہ 2030 تک اپنے دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

دونوں ممالک کے مابین بین الحکومتی کمیشن کا گیارہواں اجلاس روسی دارالحکومت ماسکو میں منعقد ہوا، جس میں باہمی تجارت کو اگلے چند برسوں میں 5 ارب ڈالر کی سطح تک توسیع دینے کا باضابطہ ہدف طے کیا گیا۔

اجلاس کی مشترکہ سربراہی وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری اور ان کے روسی ہم منصب نے کی، جبکہ اس کمیشن کا آئندہ اجلاس سنہ 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فریقین نے توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور صنعت سمیت دیگر اہم شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔