حکومت نے بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے باعث اچانک اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رکھنے کیلئے اکتوبر سے دسمبر تک سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق تین ماہ کیلئے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت اکتوبر تا دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کو 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سہ ماہی بنیادوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے سے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال سے تحفظ حاصل ہوگا۔

پاور ڈویژن کے مطابق مارچ 2024 میں موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے وقت بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جو مارچ 2026 تک کم ہوکر 44 روپے 28 پیسے رہ گیا۔ اس طرح قومی اوسط ٹیرف میں 8 روپے 76 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔

اسی عرصے کے دوران صنعتی بجلی کے نرخ بھی 62 روپے 99 پیسے سے کم ہوکر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ ہوگئے، جس سے صنعتی صارفین کو 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ ریلیف ملا۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران بجلی صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے اضافی بوجھ سے محفوظ رکھا گیا۔

حکومت نے فیول ایڈجسٹمنٹ کیلئے نیا فارورڈ لکنگ میکنزم بھی تجویز کیا ہے۔ اس کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن کی جانب سے نیپرا کو نئے نظام کے تحت پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ مجوزہ نظام کے ذریعے بجلی صارفین کو قیمتوں میں اچانک اضافے سے بچانے اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو محدود رکھنے میں مدد ملے گی۔