جرمنی کی ایک فضائی کمپنی نے پاکستان کے دو بڑے شہروں کے لیے فضائی سروس شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے تحت پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متعلقہ جرمن کمپنی کی نامزدگی کی منظوری دے دی ہے۔

ملکی ہوا بازی کے شعبے میں ایک نمایاں پیش رفت ہوئی ہے جہاں جرمن ایئرلائن 'یو ایس سی' نے پاکستان میں اپنے فضائی آپریشنز کے آغاز کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے 'یو ایس سی جی ایم بی ایچ' کی نامزدگی قبول کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے مابین فضائی رابطوں کا ایک اہم قانونی و ریگولیٹری مرحلہ طے پا گیا ہے۔

مذکورہ جرمن فضائی کمپنی پاکستان کے دو بڑے شہروں تک اپنی پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس نئی ایئرلائن کی شمولیت سے ایوی ایشن مارکیٹ میں صحت مند مسابقت کو فروغ ملنے اور پاکستان و جرمنی کے درمیان مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آنے کی امید ہے۔

فضائی آپریشنز کے آغاز سے ملک میں سیاحت، طیاروں کی لیزنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ اور مقامی سطح پر روزگار و بھرتیوں کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلنے کا امکان ہے۔ ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ باقاعدہ پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے سے قبل دیگر ضروری آپریشنل اجازت ناموں کا مرحلہ بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔