لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کی صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے، لاہور مسلسل دوسرے روز بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 370 سے تجاوز کر گیا۔

فضائی آلودگی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ٹھوکر نیاز بیگ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 790 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث اسموگ کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فیس ماسک استعمال کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ملتان کی فضا بھی آلودہ، اے کیو آئی 253 ریکارڈ

ملتان اور گردونواح میں بھی فضائی آلودگی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 253 ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق آلودہ فضا شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور گھروں سے باہر جاتے وقت فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔