ریاض: سعودی عرب اور پاکستان نے مکہ دفاعی اتحاد کے تحت مشترکہ دفاعی کوششوں کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے رکن ممالک کے درمیان قریبی سیاسی اور دفاعی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک نے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور سیاسی و دفاعی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اجلاس میں شریک ممالک نے خطے کی تازہ صورتحال کے تناظر میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے، سیکیورٹی سے متعلق رابطہ کاری بہتر بنانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
شرکاء نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی اور دفاعی سطح پر تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔