لاہور: معروف گلوکارہ شازیہ منظور نے اپنی جان کو خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے تحفظ اور مدد فراہم کرنے کی اپیل کر دی۔

دوسری جانب لاہور کی سیشن کورٹ نے گلوکارہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے مقدمے میں نامزد تین ملزمان کی عبوری ضمانت میں 7 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے ملزمان کو تفتیش میں شامل ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔

گلوکارہ شازیہ منظور نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سات مرلے زمین کا تنازع عدالت میں زیر سماعت ہے، تاہم ملزمان عدالتی کارروائی میں پیش نہیں ہوتے اور انہیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد سے وہ گھر سے باہر نہیں نکلی ہیں اور انہیں باہر جانے میں خوف محسوس ہوتا ہے۔

شازیہ منظور نے اپنی جان کو لاحق خطرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کی مدد کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔