اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ اس رقم کو صوبوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ اور پائیدار زراعت کے فروغ پر خرچ کیا جائے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنانا اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس مالی معاونت کے ذریعے صوبوں میں زراعت کے جدید طریقوں اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا، جس سے کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

منصوبے کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درپیش مشکلات سے نمٹنے میں مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس منصوبے سے دیہی معیشت کو مستحکم کرنے، کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔