سیکرٹری اطلاعات،وفاقی محتسب نے کل تک ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی،فنڈزکی قلت،غیرضروری اخراجات سے صورتحال خراب
بہاولپور،(رانا مجاہد ڈسٹرکٹ بیورو) (ریڈیوانتظامیہ)انتظامیہ کی بدانتظامی اورشاہانہ اخراجات کیوجہ سے ساڑھے چار ہزار پنشنرزفاقوں پر مجبورہوگئے ہیں۔ پنشنرزاپنے حق کے حصول کیلئے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں وفاقی محتسب، سیکرٹری اطلاعات اور وزیراعظم آفس گئے۔ سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی محتسب میں انہیں آئندہ پیر تک پنشن کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ تاہم اطلاعات کے مطابق ریڈیو انتظامیہ چند بیواؤں کوپنشن دیکر باقی پنشنرزکوجھنڈی دکھانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے پنشنرز نے وزیراعظم، وزیر اطلاعات اورسیکرٹری اطلاعات سے صورتحال کانوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔ پنشنرز کاکہنا ہے کہ فنڈز کی قلت کے باوجود حالیہ مہینوں میں غیرضروری اخراجات کئے گئے۔ جس کیوجہ سے صورت حال مزید خراب ہوگئی۔
ریڈیوانتظامیہ انتہائی ڈھٹائی سے کہہ رہی ہے کہ پنشنرز انکی زمہ داری نہیں اس صورتحال نے بزرگ، بیمار پنشنرزکاجینا محال کردیا ہے۔ بہت سے پنشنرز کرائے کے گھروں میں رہتے ہیں۔ اور انکے بچے زیر تعلیم ہیں انہیں پنشن ہی سے یہ اخراجات پورے کرنے پڑتے ہیں۔ پنشن کی عدم ادائیگی کیوجہ سے پنشنرز ڈپریشن کا شکار ہوگئے ہیں۔گزشتہ تین سال کے دوران ریٹائر ہونے والے ملازمین کو کمیوٹیشن بھی نہیں دی گئی جس سے وہ بچوں کی شادی، گھربنانے یا گذر بسر کیلئے کام شروع کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
پنشنرز کا کہنا ہےکہ انہوں نے پوری زندگی اور صلاحتیں ریاست کی خدمت میں گذاردیئے لیکن ریڈیو انتظامیہ کی بے حسی انکی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے وزیراعظم، وزیر اطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ فورا اس صورتحال کا نوٹس لیں۔ اورپنشن کی ادائیگی کے احکامات جاری کریں اور بزرگ پنشنرز کومزید ذہنی اذیت سے بچائیں۔(ریڈیوانتظامیہ)