عثمان بزدار رشتہ داروں سمیت نیب میں طلب،کمبائنڈانویسٹی گیشن ٹیم تشکیل - Baithak News

عثمان بزدار رشتہ داروں سمیت نیب میں طلب،کمبائنڈانویسٹی گیشن ٹیم تشکیل

ملتان ( وقائع نگار)نیب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔ قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف انکوائری کے لئے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے جس نے سابق وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار، قریبی عزیز سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعجاز جعفر ،سابق ڈائریکٹر سپیشل برانچ امیر تیمور ،عثمان بزدار کے سالے دوست محمد بزدار اور سابق وزیر اعلیٰ کے بھائیوں کوطلب کر لیا ہے۔ نیب حکام نے ڈی پی او ڈیرہ غازی کو سابق وزیر اعلیٰ اور انکے رشتے داروں کو ہر صورت نیب پیش کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا جبکہ ایکسین ہائی وے ہمایوں مسرور کو بھی گرفتار کرکے پیش کر نےکی ہدایات جاری کر دیں گئیں ۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی ایک خاتون آفیسر مسلسل ایک ماہ تک تونسہ شریف اور ڈی جی خان میںسابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں ترقیاتی منصوبوں کا وزٹ کرتیں رہیں ۔اس دوران انھوں نے عثمان بزدار دور میں ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف کو جاری کئے گئے اربوں روپے مالیت کے فنڈز کی تفصیلات حاصل کیں جبکہ دنوں میں ہی کھڑی ہونے والی تعمیراتی کمپنیوں کا ڈیٹا حاصل کیا ۔خاتون انکوائری آفیسر نے اپنے قیام کے دوران پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، ہائی وے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ اور ضلع کونسل کو جاری کئے گئے فنڈز کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ ذرائع کے مطابق ان پروجیکٹس کے کی ٹیکنیکل رپورٹ تیار نہیں کی گئی۔ صرف فنڈز اور ٹینڈرنگ پراسس کی تفصیلات اکٹھی کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے سالے دوست محمد بزدار نے ملتان میںعلیحدہ کیمپ آفس کھول رکھا تھاجہاں سے جنوبی پنجاب بھر میں سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ اور افسران کی پوسٹنگ و ٹرانسفر کے فیصلے ہوتے تھے۔ دوست محمد کےگھر سے ہی ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کے لئے نام جاری ہوتے تھے۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی ٹیم نے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف کو حاصل ہونے والے ٹھیکوں کی تفصیلات بھی اکٹھی کیں جبکہ عثمان بزدار کےلاڈلے افسران ایکسین خرم لغاری، ہمایوں مسرور ،حافظ وقاص سمیت دیگر افسران کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں جس کے بعد قومی احتساب بیورو نے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم بنائی جس نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ،انکے پھوپھا امیر تیمور، انکے بھائی ایوب بزدار ، عمر بزدار، سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعجاز جعفر، وزیر اعلیٰ کے سالے دوست بزدار اور انکے بیٹے فیاض بزدار، ایکسین ہائی وے ڈیپارٹمنٹ ہمایوں مسرور اور محمد عظیم سمیت دیگر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیاض بزدار کی ترقی کا کیس بھی اوپن کر دیا گیا ہے۔

مزید جانیں

مزید پڑھیں
کارڈیالوجی

بہاولپور: 625اسامیاں خالی،کارڈیالوجی سنٹر آج بھی عملاً غیرفعال

بہاول پور(رانا مجاہد/ ڈسٹرکٹ بیورو)بہاول پور کارڈیک سنٹر گریڈ 01 تا 20 کی 625 آسامیوں پر تعیناتیاں تا حال نہ ہو سکی۔ بہاول پور کارڈیک سنٹر جس کو خوبصورت بلڈنگ اور جدید سہولیات کے حوالے سےسٹیٹ آف آرٹ کہا جاتا مزید پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں