
ناراض ممبران منتخب،200سے زائداہلکاروں نے نئے الیکشن کامطالبہ کردیا
سرپرست اعلیٰ کااپنے عہدے سے انکار،جلدشیڈول جاری ہوگا: سلیم نقوی
ملتان (وقائع نگار،ڈی سی)ڈی سی ملتان کے اہلکاروں نے موجودہ صدر قیصر خان کو ہٹا کر ڈپٹی کمشنر آفس کے اپنے آفس کے ممبران سے یونین صدر منتخب کرنے کا اعلان کر دیا ۔اپیکا ڈپٹی کمشنر آفس کے ناراض ممبران نے نئے الیکشن کے لئے تیاریاں شروع کر دیں۔ دو سو سے زائد اپیکا ممبران نے نئے الیکشن کے لئے مطالبہ بھی کر ڈالا۔ ادھر اپیکا ڈپٹی کمشنر آفس کے سرپرست اعلیٰ چوہدری سلیم نے اپنے آپ کو سرپرست اعلیٰ ماننے سے انکار کر دیا اور اپنے عہدے کے وجود سے انکاری ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال اپیکا ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے الیکشن کے انعقاد کے لیے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔
انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد سر پرست اعلیٰ چوہدری سلیم کی جانب سے پی ایس ڈپٹی کمشنر ملتان قیصر خان کو صدر نامزد کیا گیا حالانکہ قیصر خان ڈپٹی کمشنر آفس کا ملازم ہی نہیں تھا۔ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والا قیصر خان اپنی سیٹ کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے الیکشن پر نہ صرف اثر انداز ہوا بلکہ الیکشن کمیٹی ڈپٹی کمشنر کے پی ایس کو منتخب کرانے میں اس حد تک آگے چلی گئی کہ مخالف امیدوارں سے کاغذات نامزدگی وصول ہی نہیں کئے۔ الیکشن کمیٹی نے مخالف امیدوارں کے اعتراضات سنے بغیر قیصر خان کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس کے ممبران کا احتجاج
ذرائع کے مطابق اس پر اپیکا ڈپٹی کمشنر آفس کے ممبران نے احتجاج کیا۔ لیکن قیصر خان نے پی ایس کی سیٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مخالف امیدوارں کوڈرا دھما کر چپ کرانا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کے خلاف ہڑتال کے موقع پر صدر اپیکا ڈپٹی کمشنر آفس انتہائی کمزور پچ پر نظر آئے جس کی وجہ سے اینٹی کرپشن ٹس سے مس نہ ہوئی جس پر اپیکا ڈپٹی کمشنر آفس کے ممبران نے قیصر خان کو اور دیگر عہدے داروں کو پاکٹ یونین قرار دیا۔ گزشتہ دنوں جب ڈپٹی کمشنر آفس میں جعلی ٹرانسفر آرڈر کے سیکنڈل نے سر اٹھایا۔ تو قیصر خان نے صدر کے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنا ملبہ مخالف گروپ پر ڈال دیا۔
جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر آفس کے اہلکاروں میں سرا سیمگی پھیل گئی۔ کہ صدر اپیکا اپنی مبینہ جعلسازیوں اور کرپشن کو تحفظ دینے کے لیے اپنی یونین کے ممبران کو اپنے مفادات پر قربان کر رہا ہے۔ اس صورتحال میں ڈپٹی کمشنر آفس کے ملازمین نے نئے الیکشن کا فیصلہ کیا۔ اور ڈپٹی کمشنر آفس کے اراکین سے رائے لینا شروع کر دی۔ کہ کیوں نہ نیا الیکشن کروا کر ڈپٹی کمشنر آفس سے صدر منتخب کیا جائے۔ کیونکہ قیصر خان ڈپٹی کمشنر آفس کا ملازم ہی نہیں ہے وہ ایک طرف صدر کے عہدے پر قابض ہے۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر آفس کی پوسٹ پر غیر قانونی طورپر کام کر رہا ہے۔ گزشتہ روز تک دو سوسے زیادہ اراکین نے نئے الیکشن کی ریکوزشن پر دستخط کر دئیے تھے۔
نئے الیکشن کے شیڈول
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس کے سینئراہلکار سید سلیم نقوی نے کہا ہے۔ کہ ممبران کی اکثریت ڈپٹی کمشنر آفس سے صدر منتخب کرنے کی حامی ہے۔ بہت جلد نئے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔ دوسری طرف سر پرست اعلیٰ چوہدری سلیم نے کہا۔ کہ میں اپیکا ڈپٹی کمشنر آفس کا سرپرست اعلیٰ نہیں ہوں۔ اور نہ اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرا کسی الیکشن سے کوئی واسطہ نہیں ہے اور نہ میں نےقیصر خان کو نامزد کیا ہے۔ ڈی سی
Leave a Comment