
تونسہ شریف(خبر نگار)کوہ سلیمان سے آنیوالے سیلابی ریلے نے موضع جھنگ کے علاقوں عیدہ آرائیں۔ بودو منہا، بیٹ اشرف، و دیگر میں تباہی مچادی۔ 30سے زائد مواضعات پر کاشت فصلات تباہ ہو گئیں۔ باراتی اچانک آنیوالے ریلے میں پھنس گئے۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کوہ سلیمان میں گزشتہ رات بارشوں کے بعد برساتی نالے بپھر گئے۔ نالہ سنگھڑ تونسہ میں ایک لاکھ کیوسک سے زائد سیلاب نے تونسہ شریف کے 30سے زائد مواضعات اور کچے کے علاقوں میں تباہی مچا دی۔
موضع جھنگ میں اچانک آنیوالے سیلابی ریلے سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا۔ جس سے لاکھوں ایکڑ پر گندم، کپاس کی کاشت فصلات، سبزیاں اور کچے گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ جبکہ بارات میں شامل خواتین بچے بزرگ شامل سیلابی ریلے میں پھنس گئے۔ ریسکیو ٹیموں ،پولیس اور لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو ریسکیو کیا۔ اس موقع پر لوگوں کا کہنا تھا کہ حفاظتی بند نہ ہونے کی وجہ سے تباہی ہوتی ہے۔ اچانک آنیوالے سیلابی ریلے کے بعد ڈی ایس پی شاہد خان، ایس ایچ اوز فہیم احمد، افتخار قریشی بھی موقع پر پہنچ گئے۔ متاثرین نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے علاقے کو آفت زدہ قرار دیکر نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔
Leave a Comment