خانیوال(ڈسٹرکٹ بیورو چیف) سابقہ وزیر داخلہ شیخ رشید اور 3نامعلوم افراد کیخلاف خانیوال تھانہ صدر میں شہری ملک داد اعوان کی طرف سے درخواست دی گئی ہے جس میں شہری نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابقہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی عرب میں مقیم لوگوں کو اکسایا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب یہ اور انکی ٹیم سعودی عرب عمرے کی سعادت کے لئے جائیں گے تو انہیں خود ہی پتہ لگ جائیگا اور خود ہی دیکھ لیں گے۔
جیسے ہی وزیراعظم اور انکی ٹیم مسجد نبوی میں داخل ہوئے تونامعلوم افراد نے نعرے بازی، ہلڑ بازی، گالم گلوچ شروع کر دی جو کہ سراسر قبیح فعل ہے۔شرمناک فعل سے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اور روضہ اقدس کے ساتھ ساتھ مسجد نبوی کی بھی توہین ہوئی ۔ اسکے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے اور جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ جس پرسابقہ وزیر داخلہ شیخ رشید اور 3نامعلوم افراد کیخلاف تھانہ صدر خانیوال میں ایف آئی آر کیلئے درخواست دائر کردی۔