علی پور کے مسائل کون حل کرے گا۔۔۔؟ - Baithak News

علی پور کے مسائل کون حل کرے گا۔۔۔؟

تحریر :عارف حسین ملک

تحصیل علی پور کی عوام بڑی خوش نصیب ہے۔ یہاں پر گورنمنٹ مقامی لوگوں کی دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت سنوارنے میں بھی دن رات کوشاں ہے۔ اس تحصیل میں خصوصی طور پر ایسے ایسے فرشتہ صفت اور شرمیلے افسران تعینات کیے جاتے ہیں کہ جو اپنے دفتر سے باہر قدم رکھتے ہوئے شرم سے پانی پانی ہو جاتے ہیں۔ اس لیے باہر نکلتے ہی نہیں۔ ان افسران نے شہر بھی کی گلیوں میں گندی نالیوں کا پانی ٹھہرایا ہوا ہے تاکہ نمازی حضرات نماز کے لیے وقت سے پہلے گھر سے نکلیں اور ڈھیر سارا ثواب کمائیں۔ شہر کے ارد گرد سڑکوں پر بجری ، کوڑا کرکٹ اور پتھر موجود ہیں۔ اگر کوئی شخص راستے سے پتھر وغیرہ ہٹانے کا ثواب حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے قدم قدم پر یہ سہولت میسر ہے۔ شہر کے مشرق میں موجود بہاول نالہ کو “گٹر” بنا دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ بیمار ہو کر اللّٰہ کو یاد کریں اور جو لوگ بیماری سے بچ جائیں تو وہ بیماروں کی عیادت کر کے ڈھیر ساری نیکیاں کمائیں۔ اقبال چوک، ڈی۔ایس۔پی چوک ، جتوئی چوک اور شاہ فیصل چوک میں خصوصی طور پر
تجاوزات کی سہولت دی گئی ہے تاکہ سخت گرمی میں ٹریفک جام ہو جائے ۔ اس طرح لوگ ” برداشت “ سیکھیں گے۔ سب مسلمان جانتے ہیں کہ برداشت کا ثواب کتنا زیادہ ہے۔ خیر پور چوک میں تو گورنمنٹ نے بےنمازیوں کے لیے بھی جنت کمانے کی بہترین سہولت پیدا کر دی ہے۔ یہاں
پر موجود شہر کی سب سے بڑی اور تاریخی مدنی مسجد کے سامنے گندی نالیوں کا پانی اکثر چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ جو لوگ نماز نہیں پڑھتے انکو قیامت کے دن بہانہ مل جائے کہ ” یااللہ ہم تو نماز پڑھنا چاہتے تھے مگر مسجد کے سامنے گندا پانی کھڑا تھا اس لیے ہم مسجد میں نماز پڑھنے نہیں جا سکے۔شہر میں اور شہر کے آس پاس مٹی سے لدی ہوئی ٹرالیوں کو کپڑے یا ترپال سے
ڈھانپے بغیر گزرنے کی اجازت ہے تاکہ گردوغبار کی وجہ سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ چھینکیں آئیں اور وہ زیادہ تعداد میں ” الحمدللہ “ پڑھ کر بےشمار ثواب حاصل کر سکیں۔ شہر کے داخلی چوک یعنی کلمہ چوک میں کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی اس پراجیکٹ کو ادھورا رکھا گیا ہے تاکہ کوئی مقامی مخیر حضرات اس نیک کام میں حصہ ملانا چاہتے ہیں تو گورنمنٹ حاضر ہے۔شہر کے اکلوتے ہاکی اسٹیڈیم میں میونسپل کمیٹی کی طرف سے اکثر گندی نالیوں کا پانی چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ نوجوان کھیل کود میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنے اپنے گھروں میں اپنے والدین کے سامنے موجود رہیں اور انکی خدمت کریں۔ جس نے والدین کی خدمت کر لی تو اس نے یقیناً جنت حاصل کر لی۔قارئین کرام آپ بھی کھلے دل کا مظاہرہ کیجئے۔ آپ کے شہروں میں بھی اگر گورنمنٹ نے عوام کے لیے ثواب کے اتنے مواقع فراہم کر رکھے ہیں تو الفاظ کی کنجوسی مت کیجئے اور لکھ ڈالیے جو کچھ نظر آئے۔

ہمیں ٹوئٹر پر فالو کریں

مزید جانیں

مزید پڑھیں

صارفین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں:محمد ارشد

حکومت پنجاب کی ہدایت پراشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پرفراہمی کو یقینی بنایاجائے لیہ( بیٹھک رپورٹ )ضلع میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں تاکہ صارفین کو سستی اشیاء خورد نوش فراہم کی جاسکیںاس سلسلہ مزید پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں