نئی دہلی: سپرہٹ فلم ‘دنگل’ میں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بچپن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ سوہانی بھٹناگر، ان کی بیٹی ببیتا کماری 19 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ عرصہ قبل 19 سالہ اداکارہ سوہانی بھٹناگر کی ٹانگ میں فریکچر ہوا تھا جس کے لیے انہوں نے دوائیں کھائیں، ان ادویات نے اداکارہ کی صحت پر برا اثر ڈالا جس کے بعد ان کا پورا جسم پانی سے بھر گیا تھا. سوہانی بھٹناگر کو تشویشناک حالت میں دہلی کے ممتاز آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں اداکارہ کا علاج چل رہا تھا، تاہم ان کی حالت میں بہتری نہیں آئی اور وہ 17 فروری کی صبح انتقال کر گئیں۔
اداکارہ کی ناگہانی موت پر بھارتی شائقین اور شوبز کی مشہور شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ دنگل 23 دسمبر 2016 کو ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم نہ صرف ہندی بلکہ تیلگو اور تامل زبانوں میں بھی ریلیز ہوئی تھی، ریلیز ہوتے ہی یہ بالی ووڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔ دنگل کے بعد، سوہانی نے اداکاری سے وقفہ لیا کیونکہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی تھیں، دنگل کو نتیش تیواری نے ڈائریکٹ کیا تھا اور عامر خان اور کرن راؤ نے پروڈیوس کیا تھا۔