مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی فراہم کر دی گئی

لاہور: مسلم لیگ ن کی نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی فراہم کردی گئی۔ مریم نواز کے ساتھ چار پولیس اسکواڈ، ایک جیمر اور ایک ٹریفک پولیس اسکواڈ تعینات تھا، انہیں دو بلٹ پروف گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر مریم نواز کو وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی فراہم کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ جاتی امرا میں بھی سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ دریں اثناء کے پی میں اکثریتی جماعت پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے احتجاج میں شرکت کے لیے پولیس سے تحفظ مانگا تاہم انہیں تاحال سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔