پاکستان نے آئی ایم ایف کی 26 میں سے 25 شرائط پر عمل شروع

اسلام آباد: نگراں حکومت نے آئی ایم ایف کی 26 میں سے 25 شرائط پوری کرنے کی رپورٹ آئی ایم ایف کو جمع کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے 26 میں سے 25 شرائط پر عمل درآمد مکمل کرکے رپورٹ آئی ایم ایف کو ارسال کردی ہے۔

صرف ایک شرط ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاکستان پوسٹ، پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے قوانین میں ترامیم قومی اسمبلی کی عدم موجودگی کے باعث نافذ نہیں ہو سکیں، تاہم یہ شرط بھی نئی حکومت کی تنصیب کے بعد پوری ہو جائے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حکومت سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت 1.1 بلین ڈالر کی آخری قسط کے دوسرے معاشی جائزے پر بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے دوسرے معاشی جائزے کے حوالے سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے پانے والے اہداف اور شرائط پر عمل درآمد کی رپورٹ تیار کرکے آئی ایم ایف کو بھجوا دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ دوسرے معاشی جائزے سے متعلق کل چھبیس اہداف پر اتفاق ہوا تھا جن میں سے پچیس اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔