کراچی: نیوزی لینڈ کے کئی اسٹار کرکٹرز آئی پی ایل کی وجہ سے اپریل میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان نہیں آئیں گے۔
نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان 14 سے 28 اپریل تک ہونا ہے جس میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کئی اہم کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کی وجہ سے اپریل میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے محروم ہو سکتے ہیں۔
دورہ پاکستان کے لیے دستیاب نہ ہونے والوں میں کین ولیمسن، ڈیرل مچل، لوکی فرگوسن، راچن رویندرا اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔
آئی پی ایل نے پہلے ہی اپنے ابتدائی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے پہلے 21 میچ 22 مارچ سے 7 اپریل کے درمیان ہوں گے۔
آئی پی ایل فکسچر کی حتمی تفصیلات الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے اپریل اور مئی میں ہونے والے قومی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد سامنے آئیں گی۔
نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان 14 سے 28 اپریل تک شیڈول ہے جس میں لاہور اور راولپنڈی پانچ میچوں کی سیریز کی میزبانی کریں گے۔