بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 46 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز برابر کر دی۔
دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے گئے بلائنڈ کرکٹ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی بلائنڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے۔
انڈین بلائنڈ کی جانب سے سنیل رمیش نے 86 اور وینکی تیشور راؤ نے 56 رنز بنائے۔
پاکستان بلائنڈ کی جانب سے محمد سلمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں گرین شرٹس مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز ہی بنا سکی، محمد سلمان نے 58، بدر منیر نے 30 اور نثار علی نے 25 رنز بنائے۔
بھارت نے 46 رنز سے جیت کر سیریز برابر کر دی۔
ہندوستان کے سنیل رمیش کو ان کی شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔