بہاول پور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) الیکشن 2024‘ بہاول پور میں پولنگ کے دوران عوام کازبردست جوش وخروش، شہری الصبح سے ہی جوق درجوق پولنگ اسٹیشن پہنچے ووٹرزکی لمبی قطاریں،مختلف پولنگ اسٹیشن پر ووٹرزکومشکلات کاسامنا رہا،تحریک انصاف کے امیدواروں کی جانب سے ان کے پولنگ ایجنٹس کو نہ بیٹھنے دینے اور پولنگ کیمپس نہ لگانے دئیے جانے کی شکایات دیکھنے کو ملیں، پولنگ کاعمل انتہائی پرامن طریقہ سے جاری، لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کرتے نظرآئے۔پولنگ کے دوران عوام کی شرکت دیدنی تھی ضعیف بزرگ خواتین معذورافراد ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشن کارخ کرتے رہے۔ مختلف پولنگ اسٹیشن پرموجود ووٹرز عاشق بھٹی شبیراحمد محمدقاسم نے بتایا کہ ہم ایک نئے جذبہ کے تحت ووٹ کاسٹ کرنے آئے اور اب ہم ایک نئے پاکستان کوجنم دیں گے اورووٹ کی طاقت سے ملک میں انقلاب لائیں گے جبکہ دوسری طرف تحریک انصاف کے امیدواروں کی جانب سے اس الیکشن پراسیس پرسوالات اُٹھائے گئے ہیں ان کاکہناہے کہ ایک طرف ایک جماعت کو پہلے دن سے لیکرآج تک ہرطریقے سے سپورٹ کی جارہی ہے اورتمام سرکاری مشینری اس جماعت کیلئے بھرپورطریقے سے استعمال ہورہی ہے تو دوسری طرف اپولنگ کے دن بھی تحریک انصاف کے امیدواروں کے ساتھ غیرمنصفانہ رویہ اختیارکیاگیا،پولنگ اسٹیشنوں پرتحریک انصاف کے پولنگ ایجنٹس کو بیٹھنے ہی نہیں دیاگیا جبکہ پولنگ کیمپس لگانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی، ایسی صورتحال میں اس الیکشن کوکس طریقے سے فری اینڈ فیئرکہاجاسکتاہے۔