ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے بعد اداکار کے بہنوئی آیوش شرما سمیت ان کے خاندان کے تمام افراد کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ممبئی پولیس سلمان خان کو 2022 میں گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کے بعد انہیں سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں سلمان خان کو مزید دھمکیاں ملنے کے بعد سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اب اس ماہ کے آغاز سے یعنی فروری 2024 سے ممبئی پولیس نے اداکار کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے اب سلمان خان کے ساتھ ساتھ اداکار کے بہنوئی آیوش شرما سمیت ان کے خاندان کے تمام افراد کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے جو جلد ہی اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم کا آغاز کریں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آیوش شرما رواں ماہ میڈیا ایونٹس کے لیے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ہوں گے، انہیں ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور وہ سلمان خان کی بلٹ پروف گاڑی میں سفر کریں گے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ مارچ 2023 میں بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔ لارنس بشنوئی کے گینگ نے بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کو بھی قتل کیا۔ لارنس بشنوئی گینگ کے مطابق سدھو موسی والا نے اپنے ایک مرید کو مارنے میں کردار ادا کیا تھا جس کے بدلے میں اس نے گلوکار کو قتل کر دیا۔ 2018 میں سلمان خان کو سدھو موسی والا کو قتل کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارنس بشنوئی نے بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں، لیکن اداکار اس منصوبے سے بچ گئے۔