راولپنڈی: پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے انتخابی دھاندلی کے خلاف آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان اور سینیٹر علی ظفر نے عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔
علی ظفر نے کہا کہ آئی ایم ایف اور یورپی یونین کا اپنا مینڈیٹ ہے، گڈ گورننس آئی ایم ایف کی قابلیت ہے، جس ملک میں جمہوریت نہیں وہاں بین الاقوامی ادارے کام نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پوری دنیا نے دیکھا کہ عوام کا ووٹ چوری ہوا، چوری شدہ مینڈیٹ پر جمہوریت نہیں چل سکتی، فنڈنگ کرنے والے ادارے جب دیکھتے ہیں کہ وہاں جمہوریت نہیں ہے تو قرضے نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خط آئی ایم ایف کے پاس جائے گا، آئی ایم ایف بات کرنا چاہتا ہے تو پہلے انتخابات میں دھاندلی کا آڈٹ کرائے، آئی ایم ایف کو بولنے دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے جو معاہدہ ہوگا، ہم نے اسے دھاندلی کے خلاف آڈٹ کا موضوع بنایا ہے، اس سے قبل ہم نے آئی ایم ایف سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کا کہا تھا۔