بالی ووڈ کی سپرہٹ فلموں میں منفرد کردار ادا کرنے والے معروف اداکار نوازالدین صدیقی بھی پاکستانی ڈرامہ نگاروں اور اداکاروں کے مداح ہوگئے۔
حال ہی میں نوازالدین صدیقی نے ایک جرمن نشریاتی ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو دیا جس میں انہوں نے فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ میں اپنے کردار ‘چاند نواب’ کے بارے میں بات کی۔
نوازالدین صدیقی کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی صحافی چاند نواب کا کردار مزے کا تھا لیکن انتہائی مشکل بھی اور میں نے اس مائشٹھیت کردار کے لیے 100 مرتبہ مشق کی کیونکہ ہمیں صرف ایک دن کے لیے ریلوے اسٹیشن پر شوٹنگ کی اجازت دی گئی تھی۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ میرے پاس صرف ایک دن تھا اس لیے میں نے مسلسل پریکٹس کی اور ایک ہی بار میں یہ منفرد کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران میں نے پاکستانی صحافی چاند نواب سے بھی ٹیلی فون پر بات کی اور ان کی معصومیت کی تعریف کی اور ان سے کہا کہ ایسی غلطیاں دہراتے رہیں تاکہ ہم مزے کریں۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نوازالدین صدیقی نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے بھارت میں بہت مقبول ہیں، پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں بہت طاقتور ہوتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامہ نگار کمال کرتے ہیں جبکہ پاکستانی اداکار بھی شاندار اداکاری کرتے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ اداکار نوازالدین صدیقی نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں پاکستانی رپورٹر کا کردار ادا کیا تھا جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا جب کہ اسی کردار کی وجہ سے پاکستانی رپورٹر چاند نواب بھی کافی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔ . شہرت