اسلام آباد: بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کو آئی ایم ایف پروگرام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستانی معیشت سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے جس میں پاکستان کی موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کو آئی ایم ایف پروگرام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
فچ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ سیاسی غیر یقینی کی وجہ سے قرض پروگرام میں پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں۔ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا موجودہ قرضہ پروگرام مارچ میں ختم ہو رہا ہے۔ توقع ہے کہ نو منتخب حکومت فوری طور پر آئی ایم ایف سے رابطہ کرے گی۔ اگرچہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نیا پروگرام پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو بہتر بنا سکتا ہے، نئی حکومت کو فوری طور پر امدادی اداروں سے فنڈز کی ضرورت ہوگی۔
فچ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی مخلوط حکومت بنانے میں مصروف ہیں۔ آئی ایم ایف سے پروگرام حاصل کرنا نئی حکومت کے لیے بڑا چیلنج ہو گا، غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث قرضہ پروگرام میں تاخیر ہو سکتی ہے، امدادی اداروں اور ممالک کی جانب سے فنڈنگ میں تاخیر سے اصلاحاتی عمل متاثر ہوگا، پاکستان کی بیرونی مالیاتی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔