مظفرگڑھ( نامہ نگار،تحصیل رپورٹر) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں شفاف، غیر جانبدار اور پر امن انتخابات کرانا ہماری ذمہ داری تھی جس میں اللّہ تعالیٰ نے ہمیں کامیاب کیا۔ پرامن انتخابات میں تمام انتظامی اداروں، پولیس، رینجر اور پاک آرمی نے اپنے پیشہ ورانہ خدمات دیانتداری سے سر انجام دیئے۔ جہاں کہیں سے کوئی شکایت موصول ہوئی اس پر فوری کارروائی کی گئی اور حالات کو کنٹرول کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میاں عثمان علی نے مختلف حلقوں میں پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولنگ اسٹیشن ضلع کونسل، جامعہ غوثیہ سکول، سول وٹرنری ہسپتال ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں قائم پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میاں عثمان علی نے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور مانیٹرنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر/ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میاں عثمان نے مزید کہا کہ نتائج کا اعلان متعلقہ حلقے کے ریٹرننگ آفیسر الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق کریں گے۔