لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا جو 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر سبطین خان کی زیر صدارت ہوا جس میں سپیکر نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا جس میں مریم نواز کے علاوہ مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا، پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے اس حوالے سے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال بھی آج ہوگی۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ووٹنگ کے لیے دو پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے، کوئی بھی امیدوار ووٹنگ سے قبل تحریری طور پر کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے، اسپیکر کے لیے ایک ہی امیدوار ہو تو ووٹنگ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ منتخب ہونے کے بعد، وہ اپنا عہدہ سنبھالیں گے اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کریں گے۔