پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر 190 ملین پاؤنڈ منتقلی کیس میں فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی کی بانی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی کے بانی نے ڈھائی ہفتے بعد کمرہ عدالت میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کے بانی نے عدالت سے اہلیہ سے ملاقات کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی بانی اسٹیج پر آئے اور کہا کہ انہیں ڈینٹسٹ سے چیک کرانا ہے۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ جیل میں ڈاکٹرز ہیں، آپ چیک اپ کروا لیں۔
اس پر عمران خان نے کہا کہ سات ماہ ہوگئے، ایک بار بھی ڈاکٹر کے پاس نہیں گیا، جیل کے ڈاکٹر میرے دانت نہ نکالیں۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے 27 فروری کو 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں پیشی کے لیے مقرر کیا۔