منشیات اسمگلروں کی الٹی گنتی شروع، سندھ حکومت مکمل کریک ڈاؤن کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

“کراچی: سندھ کے سینئر اور صوبائی وزیر انسداد منشیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جلد پورے صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جس کے لیے اچھے افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔”
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ شرجیل انعام میمن نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شکنجے کو مضبوط کرنے کے لیے اچھے افسران کی ضرورت ہے۔ ٹیمیں بنائیں گے، اب بڑے پیمانے پر منشیات پر موثر کنٹرول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو منشیات فروشوں کے چنگل سے نکالنا ہے، اس کریک ڈاؤن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو اعزازات اور انعامات سے نوازا جائے گا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی کیونکہ ہمیں منشیات کی لت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل میں شعور بیدار کرنے کے لیے بھی کام کریں گے۔ اجلاس میں ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز ایڈمن ریاض کھوسو اور دیگر نے شرکت کی۔