بونیر میں آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

“بونیر: دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع بونیر میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔”
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سلیم عرف ربانی سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھا۔ دہشت گرد سلیم عرف ربانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ آپریشن کے دوران مٹی کے دو بہادر بیٹوں نے ملک کے لیے جان قربان کر دی۔ لانس حوالدار مدثر محمود اور لانس نائیک حسیب جاوید بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔لانس حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے جنہوں نے 16 سال تک پاک فوج میں خدمات انجام دیں۔
بعد ازاں 13 اپریل 2024 کو لانس حوالدار مدثر محمود شہید (عمر، 36 سال، ساکن ضلع راولپنڈی) اور لانس نائیک حسیب جاوید شہید (عمر، 27 سال، ساکن ضلع پونچھ، آزاد کشمیر) کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ بونیرشہدا کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور جوانوں، مقامی لوگوں اور پولیس حکام نے شرکت کی، جس کے بعد شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔ جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم اور مادر وطن سے محبت کو مضبوط کرتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔