مریم نواز کا ائیر ایمبولینس سروس میں توسیع کا اعلان

“وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ائیر ایمبولینس سروس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔”

مریم نواز کی زیر صدارت ایئر ایمبولینس سروس کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، پنجاب کے چیف سیکریٹری، سیکریٹری خزانہ، ڈی جی ریسکیو سروسز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ایئر ایمبولینس سروس کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہیں بتایا گیا کہ پہلی ایئر ایمبولینس سروس کے لیے پہلا ٹریننگ سیشن شروع کر دیا گیا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ائیر ایمبولینس سروس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، کسی حادثے کی صورت میں ائیر ایمبولینس سروس کو دور دراز علاقوں میں استعمال کیا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں، تمام وسائل صوبے کے عوام پر خرچ ہوں گے۔ واضح رہے کہ ملاقات میں مریم نواز نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی اور یہ معاملہ ملک بھر میں زیر بحث ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک طرف کچھ لوگ ان کی تعریف کر رہے ہیں تو دوسری طرف یونیفارم پہننے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔اس حوالے سے گزشتہ روز لاہور کی سیشن عدالت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف پنجاب پولیس کی وردی پہننے پر مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ کوئی بھی شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انہوں نے لاہور میں پولیس کی وردی پہن کر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی تھی، جس میں مریم نواز نے کہا تھا کہ جب میں نے پولیس کی وردی پہنی تو مجھے احساس ہوا کہ یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے، لیکن میں فیصلے کرتی ہوں اگر آپ عملدرآمد کریں تو۔ ان کے بعد یہ زیادہ ذمہ داری ہے.