الیکشن کمیشن نے گجرات اور رحیم یار خان میں ووٹنگ ملتوی ہونے کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔

“الیکشن کمشنر پنجاب کنٹرول روم نے گجرات اور رحیم یار خان میں ووٹنگ ملتوی ہونے کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔”

ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ گجرات میں پولنگ بوتھ پر ووٹنگ جاری ہے، پولیس نے صورتحال کو قابو میں کر لیا ہے تاہم پولنگ بوتھ پر ووٹنگ جاری ہے۔بتادیں کہ رحیم یار خان کے حلقہ پی پی 266 کے محب شاہ پولنگ بوتھ پر جھگڑے کے باعث ووٹنگ روک دی گئی۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تصادم میں خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 شیخوپورہ میں فائرنگ کے واقعے کے باعث ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا۔

یاد رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ ان میں پنجاب کے 2 حلقے، خیبرپختونخوا کے 2 اور سندھ میں ایک حلقہ شامل ہے۔