رمضان شوگر مل کیس: حمزہ شہباز کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

“لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔”
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج ندیم گلزار نے ریفرنس کی سماعت کی، شہباز شریف کے نمائندے انور حسین عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حمزہ شہباز کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث وہ پیش نہیں ہوسکے۔بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ 14 فروری کو لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل کیس کی سماعت ملتوی کردی تھی۔
واضح رہے کہ 18 فروری 2019 کو قومی احتساب بیورو نے رمضان شوگر مل کیس میں پاکستان کے وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف نیا مقدمہ درج کیا تھا۔اس تناظر میں صرف دو ملزمان کو نامزد کیا گیا اور الزام لگایا گیا کہ انہوں نے رمضان شوگر ملز کے لیے غیر قانونی طور پر نالہ تعمیر کیا تھا۔عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے اس نہر کی تعمیر سے قومی خزانے کو 213 ملین روپے کا نقصان پہنچا، اس لیے دونوں ملزمان کو سزا دی جائے۔