“سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم عالمی مسئلہ ہے، اسٹریٹ کرائم مہنگائی، بے روزگاری اور غیر قانونی تارکین وطن کی وجہ سے ہوتے ہیں۔”
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان سندھ کا نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے، ہم دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں، سندھ کے کچے علاقوں میں آپریشن جاری ہیں، حالات پہلے سے بہتر ہیں۔ وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ کچے سے 15 روز میں 13 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ہفتے میں 6 اسٹریٹ کرمنلز مارے گئے۔شرجیل میمن نے کہا کہ کرسٹل آئس استعمال کرنے والے نہیں جانتے کہ وہ کیا کر رہے ہیں، کرسٹل آئس استعمال کرنے والے خودکش بمبار ہیں۔
وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں، سندھ حکومت نہیں چاہتی کہ کسی شہری کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے، ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے قانون بنا رہے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پنک بس سروس کراچی میں نئے روٹس شروع کر رہی ہے، گرین لائن تک جانے کے لیے شٹل سروس شروع کر رہے ہیں، میرپور خاص میں پیپلز بس سروس بھی شروع کر رہے ہیں۔