فلسطینیوں کی حمایت میں طلباء کا احتجاج مزید وسیع ہوتا جا رہا ہے

امریکہ میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں شروع ہونے والا طلبہ کا احتجاج مزید وسیع ہو گیا ہے۔
اب برطانیہ، اٹلی، فرانس اور آسٹریلیا کے طلباء بھی اس میدان میں آ گئے ہیں، انہوں نے اسرائیلی کمپنیوں سے تعلقات توڑنے کی حمایت کر دی ہے۔
دریں اثنا، کولمبیا یونیورسٹی میں طلباء کا غزہ یکجہتی کیمپ دس دن بعد بھی جاری ہے، دیگر یونیورسٹیوں کے مزید 40 کیمپس میں بھی احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
الینوائے اور پنسلوانیا کی یونیورسٹیوں سمیت دیگر یونیورسٹیوں کے مظاہرین کو گرفتار کرنے اور معطل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
مختلف یونیورسٹیوں میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک گرفتار ہونے والے مظاہرین کی تعداد 600 سے تجاوز کر گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے امریکہ میں پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔