فلسطینی اسرائیل کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوں گے۔: ایرانی صدر

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ غزہ پر اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں اور اسرائیل کے خلاف جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے۔
لاہور پہنچنے پر ایرانی صدر مزار اقبال گئے جہاں انہوں نے علامہ اقبال کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔
اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ علامہ اقبال نے استعمار کے خلاف کھڑے ہونے کا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ جب میں پاکستان آیا تو مجھے تنہائی کا احساس نہیں ہوا اور پاکستانی عوام کا ایران کے ساتھ خاص رشتہ ہے۔
ابراہیم رئیسی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دل ہمیشہ ایک دوسرے سے جڑے رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ غزہ پر پاکستان کے اصولی موقف کو سراہتے ہیں، انہیں وہاں کے عوام اور مجاہدین پر فخر ہے اور فلسطینی اسرائیل کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوں گے۔