واہگہ بارڈر سے بھارتی سکھ یاتریوں کی واپسی شروع ہوگئی

بیساکھی کے تہوار پر آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں کی واپسی واہگہ بارڈر سے شروع ہو گئی ہے۔ اپنے دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، پاکستان حکومت نے بیساکھی میلے کا اہتمام کیا۔
انہوں نے بہت اچھے قدم اٹھائے ہیں، وہ پاکستان کی مہمان نوازی کو زندگی بھر نہیں بھول سکتے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ یاتری کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان میں وی وی آئی پی پروٹوکول ملا ہے۔
پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتاپور کو بہت پیار دیا گیا۔ حکومت کی طرف سے دکھائی گئی مہمان نوازی دنیا میں منفرد ہے۔
رمیش سنگھ اروڑہ نامی سکھ یاتری کا کہنا تھا کہ حکومت نے تمام سکھ یاتریوں کو بہت عزت اور احترام دیا اور بہترین انتظامات کیے،
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کی ہدایات دیں اور خاص طور پر کرتارپور صاحب گئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کرتارپور کا دورہ کیا۔