“آنے والے دنوں میں ملک کے بیشتر اضلاع میں تازہ بارش متوقع ہے جبکہ بالائی علاقوں میں مزید برف باری اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔”
محکمہ موسمیات نے کراچی میں 18 اپریل سے تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ گزشتہ روز شہر کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری تھا تاہم آج زیادہ بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 17 اپریل کو کراچی میں بادل چھائے رہیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں گزشتہ روز بارش توقع کے مطابق ہوئی اور مناسب بارشوں کے باعث اس سال شدید گرمی کا کوئی امکان نہیں۔
سردار سرفراز نے یہ بھی کہا کہ مئی اور جون میں گرمی ہوگی لیکن زیادہ نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور خطہ پوٹھوہار میں مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ چند مقامات پر مزید بارش اور ژالہ باری اور آنے والے دنوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
ملیکہ کوہسار میں بارش کا سلسلہ آج تیسرے روز بھی جاری رہا، بارش کے بعد سیاح موسم کا مزہ لینے ہوٹلوں سے باہر نکل آئے، تین روز سے جاری بارش سے سردی واپس آگئی، مری میں درجہ حرارت 7 ڈگری تک گر گیا۔مری اور گلیات میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جب کہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
ژوب شیرانی بارکھان، کوہلو، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلات اور ہرنائی میں بھی آندھی کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، پشاور میں بارش کے بعد شاہراہوں اور سڑکوں پر تالاب نظر آنے لگے۔
پشاور میں یونیورسٹی، صدر، کوہاٹ اور جی ٹی روڈ پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑوں پر برفباری کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی کے کٹاؤ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال میں 19 ملی میٹر، مالم جبہ میں 13 ملی میٹر، لنڈی کوتل میں 10 ملی میٹر، کالام اور پاراچنار میں 9 ملی میٹر اور پشاور میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔