راولپنڈی: ایف بی آر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاپتہ، مقدمہ درج

“فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب کے شہر راولپنڈی سے لاپتہ ہوگیا، پولیس نے رشتہ دار کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا۔”
راولپنڈی کے علاقے آر اے بازار کے رہائشی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آر رحمت اللہ خان 12 اپریل کو گھر سے نکلے لیکن ابھی تک واپس نہیں آئے۔
پولیس نے لاپتہ رحمت اللہ خان کے بہنوئی کی شکایت پر اغواء کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق رحمت اللہ خان 12 اپریل کو عید کے لیے اپنے دوستوں سے ملنے گیا تھا، جس کے بعد وہ گھر واپس نہیں آیا، موبائل فون پر رابطہ کیا تو کال موصول نہیں ہوئی، بعد میں موبائل فون بند ہوگیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ شبہ ہے کہ رحمت اللہ خان کے ساتھ کوئی حادثہ ہوا ہو یا انہیں اغوا کیا گیا ہو۔