آرمی چیف سے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال

“آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی پیداوار اور فوجی تربیت سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں آرمی چیف نے رائل سعودی لینڈ فورسز کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پاک فوج کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ علاقائی امن و استحکام میں پاک فوج کی کامیابیوں، قربانیوں اور خدمات کا اعتراف کیا۔بیان کے مطابق، معزز مہمان نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقدہ 5ویں پاکستان سعودی عرب دفاعی تعاون کے اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان کے چیف آف جنرل سٹاف کے ساتھ مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ فورم میں عالمی اور علاقائی سلامتی کے چیلنجز اور دفاعی افواج پر ان کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اطراف نے دفاعی تعاون کے لیے اپنی کوششوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اس تناظر میں فورم کی جانب سے متعین کردہ ٹائم لائنز کے اندر ٹھوس مقاصد کے حصول کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔