“وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک سے سمگلنگ کے جڑ سے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے سمگلنگ کے خلاف ملک گیر مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔”
وزیراعظم نے آرمی چیف کو سمگلنگ کے خاتمے میں حکومت کے ساتھ تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا پیسہ لوٹنے والوں اور ان کے مددگاروں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ سرحدی علاقوں میں سمگلنگ روکنے کے لیے نوجوانوں کو روزگار کے متبادل مواقع فراہم کرنے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے سامان کی فروخت اور اسمگلنگ کو روکنے کے لیے نگرانی کو موثر بنایا جائے۔