خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش، مختلف حادثات میں 59 افراد جاں بحق

“ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 59 افراد جاں بحق اور 72 زخمی ہوچکے ہیں۔”

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں میں جاں بحق ہونے والوں میں 33 بچے، 14 مرد اور 12 خواتین شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں کل 2,883 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 436 مکانات شامل ہیں جو مکمل طور پر تباہ ہوئے، جب کہ 2,000 مکانات کو نقصان پہنچا۔ 447 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

بارشوں کے باعث خیبر، دیر، چترال، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ اور دیگر اضلاع میں متاثرین کی مالی امداد اور دیگر امدادی سرگرمیوں کے لیے 11 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کئی روز سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں صوبے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشیں 21 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے اور بارش سے متاثرہ اضلاع میں پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ بارش کے پیش نظر صوبے میں کل 30 اپریل تک ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔صوبے کے مختلف اضلاع میں 30 اپریل تک ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد ڈی ایچ اوز اور ایم ایسز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ڈیوٹی اسٹیشن چھوڑنے سے قبل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سے لازمی اجازت لیں۔