انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو 28 جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ کے کیس میں 28 جون کو عدالت میں طلب کر لیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ رمنا میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی۔
شبلی فراز، واثق قیوم، علی نواز اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے مراد سعید، حماد اظہر، فاروق حبیب، حسن نیازی اور دیگر کارکنوں کی عدم موجودگی میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
عدالت نے حکم نامے میں لکھا کہ پی ٹی آئی کے بانی اڈیالہ جیل میں موجود ہیں، انہیں آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو بھی عدالت میں پیش ہونے کے لیے سمن جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 جون تک ملتوی کر دی۔