متحدہ عرب امارات پاکستان میں 10ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرے گا

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ شیخ طہنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں توانائی، پورٹ آپریشنز کے منصوبوں، فوڈ سیکیورٹی، مواصلات، معدنیات، بینکنگ اور مالیاتی خدمات میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کے نفاذ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا۔