وزیر اعلیٰ پنجاب کی صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے کوششیں رنگ لانے لگیں

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششیں رنگ لانے لگیں۔
پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں کے فیلڈ ہسپتالوں اور کلینکس سے روزانہ ہزاروں مریض مستفید ہونے لگے جبکہ کینسر، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ان کی دہلیز پر مفت ادویات ملنے لگیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز منصوبے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے ہر شہری کو خوش، خوشحال اور صحت مند دیکھنا چاہتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شعبہ میری ترجیح ہے، تاہم صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود ڈاکٹروں اور عملے نے جو لوگوں کو گھروں پر علاج کی سہولیات فراہم کیں وہ قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں مراکز صحت اور ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، صوبے کے پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کو فعال بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔